سری لنکا اور انگلینڈ کے دورۂ پاکستان، فوج اور رینجرز تعینات

اسلام آباد: سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورۂ پاکستان کے موقع پر وفاقی حکومت نے سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز تعینات کردی۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں فورسز کو سکیورٹی اور پروٹیکشن ڈیوٹی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب اور چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر یہ تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 جبکہ رینجرز کی تعیناتی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کی گئی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا میچ 13 اکتوبر کو ہوگا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں ہوں گے جبکہ باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔



