عمران خان سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے: محمود خان اچکزئی

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر حکومت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
ژوب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر حکومت مسئلے کا حل چاہتی ہے تو اسے بانی پی ٹی آئی سے اپوزیشن کی ملاقات کرانا ہوگی۔ ان کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے بعد وہ ان کا مؤقف حکومت تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد مسائل کے حل تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضمانت دیتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کی بالادستی پر متفق ہونا چاہیے، جبکہ سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور آئین کی بالادستی میں ہے۔
محمود خان اچکزئی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج نافذ کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وہ شہباز حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم یا اسپیکر کے دفتر میں ملاقات نہیں کریں گے، تاہم اہم تقرریوں کے معاملے پر نواز شریف کے مری والے گھر میں بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری آئینی طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے۔



