لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹبال کو خیرباد کہہ دیا

بیونس آئرس: ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بینن کے خلاف دوستانہ میچ میں آخری مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 21 سالہ انٹرنیشنل کریئر کو الوداع کہہ دیا۔
بیونس آئرس میں کھیلے گئے میچ میں میسی نے اپنے 208ویں اور آخری انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول اسکور کیا اور 2 گولز میں معاونت کی، جس کی بدولت ارجنٹینا نے بینن کو 3-0 سے شکست دی۔
85 ہزار سے زائد تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے لیونل میسی کو جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
میسی ارجنٹینا کی جانب سے سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے 208 میچز میں 126 گول کیے، 6 ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کی اور ورلڈ کپ میں 21 گول اسکور کیے۔
لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 اور 2024 کوپا امریکا جبکہ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ جیتا۔
قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میسی کلب فٹبال میں انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ وہ 8 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے دنیا کے واحد فٹبالر بھی ہیں۔
میچ کے اختتام پر جذباتی خطاب کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ان کی زندگی کی سب سے خوبصورت چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی شرٹ اور شائقین کو بہت یاد کریں گے اور اب ٹیم کے ساتھ بطور حامی کھڑے رہیں گے۔



