محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات، صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر غور کیا گیا۔
ملاقات میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا بھی موجود تھے۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر نے صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے آئینی کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر صدر مملکت اور وزیراعظم گورنر راج یا ایمرجنسی ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس اپنا آئینی کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں سرکاری ہیلی کاپٹر اور وسائل کا استعمال عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو صوبے کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آئی جی نے بتایا کہ صوبے میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پولیس الرٹ ہے، مختلف اضلاع سے اہلکاروں کو پولیس لائنز طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔



