latest newsShowbiz

جعلی اے آئی ویڈیو پر جونیئر این ٹی آر برہم، ’’کسی کو نہیں چھوڑوں گا‘‘

تیلگو فلموں کے سپر سٹار نندا موری تراکا راما راؤ جونیئر المعروف جونیئر این ٹی آر نے اداکارہ جھانوی کپور کے ساتھ گانے ’’چٹامالے‘‘ کی جعلی اے آئی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔

گزشتہ چند روز سے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس گانے کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ اور تبدیل شدہ ویڈیو گردش کر رہی ہے۔ ’’چٹامالے‘‘ فلم ’دیورا: پارٹ 1‘ کا گانا ہے، جس میں جونیئر این ٹی آر اور جھانوی کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

جونیئر این ٹی آر نے ہفتے کے روز جاری بیان میں جعلی ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کسی خاتون کی اس طرح تضحیک کرنا گھٹیا اور شرمناک عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی سے ایسی قابل اعتراض چیز تخلیق کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

اداکار نے کہا کہ جعلی ویڈیو بنانے اور اسے پھیلانے والے افراد کے خلاف ہر ممکن سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’’میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا‘‘ اور عوام سے اپیل کی کہ ایسی ویڈیوز نہ دیکھیں اور نہ ہی انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جونیئر این ٹی آر نے کہا کہ آج اگر یہ کسی اور کے ساتھ ہو رہا ہے تو کل یہی صورتحال کسی کی ماں، بہن، بیوی یا بیٹی کے ساتھ بھی پیش آ سکتی ہے۔ انہوں نے بھارت کی مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اے آئی کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ ’’چٹامالے‘‘ گانا 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیورا: پارٹ 1‘ کا حصہ ہے، جس کی موسیقی انیرودھ روی چندر نے ترتیب دی تھی۔ یہ گانا مختلف زبانوں میں مختلف ناموں سے ریلیز کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button