latest newsPakistan

جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) کا نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم

علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ صدرِ سندھ نامزد

لاہور (این ایل آئی): جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) نے ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ، دینی و ملی شعور کی بیداری اور قائد ملت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں جماعت کے مرکزی سیکریٹریٹ میں پیر معصوم شاہ نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کی موجودہ صورت حال، جماعتی امور اور نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ کو جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) کا صدر صوبہ سندھ نامزد کیا گیا۔ جماعتی قیادت نے انہیں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ صوبے میں تنظیم کو فعال اور منظم بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں مولانا غلام رسول اویسی، چیئرمین سپریم کونسل، علامہ پیر غلام شبیر قادری، سینئر نائب صدر، میاں وحید، چیئرمین تاجر ونگ، علامہ نواز قاسم، نائب چیف آرگنائزر، علامہ تابش قادری، چیئرمین لاہور، کرنل (ر) راجہ شوکت، ڈپٹی سیکریٹری جنرل، کرنل (ر) فاروق احمد، ڈپٹی جوائنٹ سیکریٹری، اور مشتاق احمد ایڈووکیٹ، چیئرمین لائرز فورم سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ پیر غلام شبیر قادری نے کہا کہ جماعت کے قائدین نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے رہنما اور کارکن اپنے اکابرین کے مشن کو آگے بڑھانے اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد ملت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات جماعت کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کے افکار و نظریات کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس موقع پر نومنتخب صدرِ سندھ علامہ پیر سید اظہر حسین شاہ نے جماعتی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے میں تنظیم سازی کے عمل کو تیز کریں گے اور جماعت کو سندھ بھر میں منظم اور فعال بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد ملت کے مشن کو آگے بڑھانا اور ان کے نظریات و افکار کو فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر جماعتی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ، دینی و ملی شعور کی بیداری اور قائد ملت علامہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button