لیسکو کی نادہندگان کے خلاف کارروائیاں، ستمبر میں 42 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری
لاہور(عمران اسلم) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ستمبر 2026 کے دوران نادہندگان سے 42 کروڑ 8 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کر لیے، جبکہ کمپنی کے آٹھوں سرکلز میں نادہندگی کے 1165 کیسز نمٹا دیے گئے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق چار ماہ یا اس سے زائد عرصے سے واجب الادا بلوں کے نادہندگان سے 24 کروڑ 28 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کیے گئے، جبکہ بجلی کے منقطع کنکشنز سے متعلق 698 کیسز میں 17 کروڑ 80 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔
سرکل وار تفصیلات کے مطابق ناردرن سرکل میں 189 کیسز سے 9 کروڑ 37 لاکھ 80 ہزار روپے، سنٹرل سرکل میں 206 کیسز سے 7 کروڑ 41 لاکھ 10 ہزار روپے اور ایسٹرن سرکل میں 147 کیسز سے 9 کروڑ 73 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کیے گئے۔
اسی طرح اوکاڑہ سرکل میں 111 کیسز سے ایک کروڑ 21 لاکھ 80 ہزار روپے، سدرن سرکل میں 198 کیسز سے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے، شیخوپورہ سرکل میں 98 کیسز سے 83 لاکھ 10 ہزار روپے، قصور سرکل میں 147 کیسز سے 5 کروڑ 50 لاکھ روپے اور ننکانہ سرکل میں 69 کیسز سے ایک کروڑ 91 لاکھ 20 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



