ڈی ایس ریلوے لاہور سے ایڈوائزر وفاقی محتسب انشورنس کی ملاقات، افسران و ملازمین کو آگاہی فراہم
لاہور (عمران اسلم): ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ سے سابق آئی جی ریلوے اور ایڈوائزر وفاقی محتسب انشورنس لاہور منیر احمد چشتی نے ملاقات کی، جس میں ریلوے افسران اور ملازمین کو انشورنس پروٹیکشن، پالیسی کی شرائط اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ایڈوائزر وفاقی محتسب انشورنس منیر احمد چشتی نے بتایا کہ وفاقی محتسب انشورنس انشورنس سے متعلق شکایات کا ازالہ 60 دن کے اندر کرتا ہے۔ متاثرہ افراد اپنی شکایات کے حل کے لیے درخواست دائر کرنے کے علاوہ آن لائن بھی رجوع کر سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی قسم کی انشورنس پالیسی حاصل کرنے سے پہلے اس کی تمام شرائط و ضوابط کا بغور مطالعہ کیا جائے اور مکمل طور پر سمجھنے کے بعد ہی دستخط کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لائف، صحت، گاڑیوں اور جائیداد سمیت مختلف شعبوں میں انشورنس ممکنہ خطرات کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کا معاہدہ ہے، اسے سرمایہ کاری تصور نہیں کرنا چاہیے۔ کسی حادثے یا دیگر متعلقہ صورت حال میں معاوضے کی ادائیگی پالیسی کی طے شدہ شرائط کے مطابق ہوتی ہے۔
منیر احمد چشتی نے ریلوے افسران پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں میں انشورنس پروٹیکشن کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں تاکہ لوگ پالیسیاں حاصل کرتے وقت سوچ سمجھ کر فیصلے کریں اور مستقبل میں ممکنہ مشکلات سے بچ سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے افسران اور ملازمین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
ملاقات میں ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ حمدان نذیر، ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل پرسنل آفیسر محمد رضا حسین، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، اسسٹنٹ مکینیکل انجینئر ارشد علی شاہ سمیت دیگر ریلوے افسران اور ملازمین بھی موجود تھے۔



