latest newsPakistan

کور کمانڈرز کانفرنس: پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات کی کوشش سے نمٹنے کا عزم

راولپنڈی(ہم شہری) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش سے قانون کے مطابق نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

فورم نے کہا کہ پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے فیصلہ کن انداز میں قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ شرکا نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیا۔

کانفرنس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا گیا۔ شرکا نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ضروری ہیں۔

فورم کے مطابق عوام کے ساتھ دہشت گردی کی وجوہات سے متعلق مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ کو توڑنا بھی ضروری ہے۔ پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور داخلی استحکام کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات و دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا گیا۔

شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے اظہار یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فورم نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button