حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا، حتمی فیصلوں کا امکان

اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج دوبارہ ہوگا، جس کا اجلاس دوپہر ڈھائی بجے متوقع ہے۔ مذاکرات میں اہم معاملات پر حتمی فیصلے ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے واضح کیا ہے کہ احتجاج اور انتشار کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، اگر اپوزیشن کو کوئی رعایت درکار ہے تو اسے مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے ہٹ دھرمی برقرار رہنے کی صورت میں حکومت آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت دستیاب اختیارات استعمال کرنے پر غور کرسکتی ہے۔
گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور میں ماحول کئی مرتبہ کشیدہ ہوا اور فریقین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ یا چڑھائی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ مذاکرات کے دوران حکومت نے اپوزیشن سے لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ کرنے کا باضابطہ مطالبہ کیا جبکہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔



