دہشت گردی کے خلاف جنگ: خیبرپختونخوا کو 16 سال میں 799 ارب روپے جاری

پشاور: خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اس سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے 2010-11 سے ستمبر 2026 تک 799 ارب 35 کروڑ 90 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
خیبرپختونخوا محکمہ خزانہ کی دستاویز کے مطابق صوبے کو یہ فنڈز ہر سال وفاق سے موصول ہوئے، جبکہ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت خیبرپختونخوا کو وفاقی ٹیکس پول سے ایک فیصد اضافی رقم بھی ملتی ہے۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے وار آن ٹیرر فنڈ کا تخمینہ 149 ارب 76 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے ڈھائی ماہ میں صوبے کو 23 ارب 69 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024-25 میں خیبرپختونخوا کو 112 ارب 29 کروڑ 60 لاکھ روپے جبکہ 2025-26 میں 128 ارب 23 کروڑ 40 لاکھ روپے موصول ہوئے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی کنسولیڈیٹڈ فنڈ میں وار آن ٹیرر فنڈ کے لیے الگ ہیڈ موجود نہیں۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز دیگر صوبوں کو بھی دیے جاتے ہیں اور فنڈ کا حجم ایف بی آر کے ٹیکس اہداف سے منسلک ہے۔ ایف بی آر کے اہداف مکمل ہونے کی صورت میں فنڈ بھی مکمل جاری کیا جاتا ہے۔



