latest newsPolitics

عسکری، سیاسی قیادت نے دھرنے اور لانگ مارچ اسلام آباد سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد(ہم شہری) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت نے طے کیا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ اسلام آباد سے دور ہونے چاہئیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر پاکستان تحریک انصاف اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کرنا چاہتی ہے تو پشاور اور مردان میں کرے، اسی طرح کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو پشاور، کراچی یا لاہور میں احتجاج کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ مقتدرہ مذاکرات سے خوش نہیں، مذاکرات سے مقتدرہ کا کوئی سروکار نہیں۔ صدر اور وزیراعظم نے مذاکرات کے لیے بھیجا ہے تو مقتدرہ کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہوگا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کسی میٹنگ میں شرکت نہیں کرتے، اگر ان کا کوئی مؤقف ہے تو وفاقی حکومت سے بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بھی کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ کی طرف نہ جائیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے آپشنز کسی نہ کسی وجہ سے دستیاب ہوتے ہیں۔ اگر کسی صوبے میں سکیورٹی داؤ پر لگی ہو اور صوبائی حکومت تعاون نہ کرے تو وفاق کے پاس اقدام کرنے کے علاوہ کیا آپشن رہ جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی یا گورنر راج کا نفاذ ناپسندیدہ عمل ہے اور یہ اقدام صرف اس صورت میں کیا جائے گا جب حالات ناگزیر ہوں۔

واضح رہے کہ جمعہ کو سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے حکومتی اور اپوزیشن وفود کی اسپیکر چیمبر میں ملاقات ہوئی تھی، تاہم پہلے روز فریقین کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے اور مذاکرات اگلے روز جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button