ایشین گیمز: محسن نقوی پاکستان، بھارت کے کرکٹ فائنل میں میڈل تقریب میں شرکت نہیں کریں گے

دبئی(ہم شہری) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ فائنل کے بعد ہونے والی میڈل تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان مینز کرکٹ ایونٹ کا فائنل ہفتے کو نشین کے کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا۔
اے سی سی کے مطابق محسن نقوی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث ایشین گیمز کے فائنل ڈے پر تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ اے سی سی نے اپنے بیان میں ایشین گیمز میں شریک میڈلسٹ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مینز ٹی20 ایشیا کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی اور میڈلز وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ محسن نقوی اے سی سی کے صدر کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔
بھارتی ٹیم کے اس فیصلے کے باعث اختتامی تقریب میں تاخیر ہوئی اور بعد ازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر تقریب ختم کردی گئی تھی۔
اسی طرح گزشتہ اتوار کو اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھی بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔ بھارتی ٹیم نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔



