latest newsPolitics

حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین مذاکرات کی آمادگی خوش آئند ہے، چوہدری محمد سرور

ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کی کامیابی کے لیے مخلصانہ کوششیں کرنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے

لاہور(فیصل علوی) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے مابین مذاکرات کا آغاز خوش آئند امر ہے۔ اس وقت پورا ملک ایک تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہے، لہٰذا ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے مذاکرات کی کامیابی کے لیے مخلصانہ کوششیں کرنا دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے۔

سابق گورنر کا کہنا تھاکہ ملک کو آئین اور قانون کی بالادستی ہی کے ذریعے آگے بڑھایا جا سکتا ہے، اس لیے دونوں فریقین کو اپنی اپنی خواہشات اور سیاسی ترجیحات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں تاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عالمی، قومی اور علاقائی سطح پر اس وقت ایک ہیجانی کیفیت پائی جاتی ہے۔ ملکی معیشت مسلسل دباؤ کا شکار ہے، ترقی کا پہیہ سست روی کا شکار ہے، بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ قانون و امن کی صورتحال بھی تشویش کا باعث ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی محاذ آرائی کسی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے باہمی گفت و شنید، افہام و تفہیم اور آئینی و جمہوری طریقہ کار کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی قیادت کو اختلافات اور باہمی کشیدگی کم کرتے ہوئے قومی مفاد کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ مذاکرات ہی وہ راستہ ہیں جن کے ذریعے سیاسی اختلافات کو آئینی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جا سکتا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں اگر وسیع تر قومی مفاد میں لچک، تدبر اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو ملک کو سیاسی استحکام، معاشی بحالی اور ترقی کی جانب لے جانے کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button