latest newsPakistan
حضرت شاہ کمالؒ نے محبت، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا درس عام کیا: ڈاکٹر احسان بھٹہ
لاہور(شیخ طاہر علی)-لسیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ کمالؒ نے اپنی تعلیمات اور عملی کردار کے ذریعے محبت، اخوت، رواداری، امن اور انسانیت کی خدمت کا پیغام عام کیا۔ اولیائے کرام کی تعلیمات آج بھی معاشرے میں اتحاد و اتفاق، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے حضرت شاہ کمالؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے مزارِ اقدس پر چادر پوشی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی مسز صلاح الدین، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمن، ممبران مذہبی امور کمیٹی، محکمہ اوقاف کے افسران، علماء کرام، مشائخ عظام اور زائرین بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ بزرگانِ دین نے اپنی زندگیاں دینِ اسلام کی تعلیمات کے فروغ، انسانیت کی فلاح اور معاشرے میں محبت و رواداری کے قیام کے لیے وقف کیں۔ حضرت شاہ کمالؒ کی دینی و روحانی خدمات اور ان کا پیغام آج بھی اہلِ عقیدت کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مزارات کی ترقی کے پروگرام کے تحت حضرت شاہ کمالؒ کے مزار کی تزئین و آرائش، بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے تقریباً 25 ملین روپے کے حکومتی فنڈز استعمال کیے گئے ہیں، جس سے مزارِ اقدس پر زائرین کے لیے سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ حکومت پنجاب کی ترجیح ہے کہ صوبے بھر میں مزاراتِ مقدسہ کو بہتر انداز میں ترقی دی جائے اور زائرین کو محفوظ، پُرسکون اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ اولیائے کرام کے مزارات روحانی وابستگی کے مراکز ہونے کے ساتھ اسلامی اقدار، امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے اہم مراکز بھی ہیں۔ عرس کی تقریبات کے دوران بزرگانِ دین کی تعلیمات اور ان کے پیغام کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ نئی نسل ان عظیم ہستیوں کی خدمات اور افکار سے روشناس ہو سکے۔
سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ محکمہ اوقاف پنجاب مزاراتِ مقدسہ پر آنے والے زائرین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ عرس کے موقع پر سکیورٹی، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ پرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنی مذہبی و روحانی عقیدت کا اظہار کر سکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمن نے بھی حضرت شاہ کمالؒ کی دینی و روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک و قوم کی سلامتی، امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔



