امریکا میں پاکستانی شہری پر 5.1 ملین جعلی ڈاک ٹکٹ لیبل فروخت کرنے کا الزام

واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا کی وفاقی گرینڈ جیوری نے پاکستانی شہری پر مبینہ طور پر جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ لیبل فروخت کرکے امریکی پوسٹل سروس (USPS) کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق پنجاب کے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم پر الزام ہے کہ وہ LabelsBank.com نامی ویب سائٹ چلا رہے تھے، جہاں مبینہ طور پر جعلی امریکی پوسٹل لیبل فروخت کیے جاتے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق ویب سائٹ پر ایک جعلی ڈاک لیبل عموماً صرف 2 ڈالر میں فروخت کیا جاتا تھا، جبکہ پیکیج کے وزن، حجم یا منزل کے لحاظ سے قیمت میں کوئی فرق نہیں رکھا جاتا تھا۔ محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ LabelsBank.com کو امریکی پوسٹل سروس کی مصنوعات یا خدمات فروخت کرنے کی اجازت حاصل نہیں تھی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تحقیقات میں سامنے آیا کہ 5,200 سے زائد افراد نے مذکورہ ویب سائٹ سے 5.1 ملین سے زیادہ جعلی شپنگ لیبل خریدے۔ حکام کے مطابق ان جعلی لیبلز کے استعمال سے صارفین کو حقیقی ڈاک فیس کے مقابلے میں بہت کم رقم میں پیکجز بھیجنے کی سہولت ملتی رہی، جس کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کے مبینہ نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
سدرن ڈسٹرکٹ آف فلوریڈا کے امریکی اٹارنی جیسن اے ریڈنگ کوئنونز کے مطابق مبینہ اسکیم میں جعلی ڈاک آن لائن انتہائی کم مقررہ قیمت پر فروخت کی گئی، جس سے صارفین پیکیج کی اصل ڈاک فیس ادا کرنے سے بچ جاتے تھے۔
حکام کے مطابق فردِ جرم عائد ہونے کے ساتھ ہی امریکی پوسٹل سروس نے عدالتی حکم حاصل کیا، جس کے تحت ویب سائٹ کو بند کرکے اس کا ڈومین ضبط کرلیا گیا۔
امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے میامی ڈویژن کے انسپکٹر انچارج بلیڈسمیر روخو نے کہا کہ امریکی حکام کی کارروائی ملکی سرحدوں تک محدود نہیں اور پوسٹل سروس کو نقصان پہنچانے والی بین الاقوامی جرائم پیشہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
فہیم اکرم پر امریکا کو دھوکا دینے اور جعلی ڈاک ٹکٹ بنانے و فروخت کرنے کی سازش کی ایک دفعہ، جعلی ڈاک ٹکٹ لیبل بنانے اور فروخت کرنے کی پانچ دفعات اور وائر فراڈ کی چار دفعات عائد کی گئی ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق جرم ثابت ہونے کی صورت میں سازش اور جعلی ڈاک ٹکٹ سے متعلق ہر جرم پر زیادہ سے زیادہ 5 سال قید جبکہ وائر فراڈ کی ہر دفعہ پر زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
کیس کی تحقیقات امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے میامی ڈویژن کی جانب سے جاری ہیں۔ فردِ جرم میں عائد الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔



