ایس سی او سربراہی اجلاس، وفاقی حکومت کا 45 نئی بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے لیے 45 نئی بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق ایس سی او سربراہی اجلاس اگست یا ستمبر 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں سربراہان مملکت و حکومت سمیت عالمی تنظیموں کے اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق اجلاس کے شرکا کے محفوظ اور قابل اعتماد سفر کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات ضروری ہیں۔ کابینہ ڈویژن کے پاس موجود جدید ترین بلٹ پروف گاڑیاں 2016 ماڈل کی ہیں، جو ایس سی او اجلاس کے لیے درکار معیار پر پوری نہیں اترتیں۔
بیان کے مطابق 45 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ مختلف فورمز پر غور کے بعد کیا گیا ہے اور گاڑیوں کی تعداد کم سے کم ضرورت کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق اجلاس کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 300 گاڑیاں حاصل کی جائیں گی۔



