گراؤنڈ میں مداحوں کے بار بار آنے پر بابر اعظم ناراض، سیلفی لینے والے کا موبائل پھینک دیا

اسلام آباد: سات برس بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم مداحوں کے بار بار گراؤنڈ میں آنے پر ناراض ہوگئے اور ایک مداح کا موبائل فون دور پھینک دیا۔
پریزیڈنٹ ٹرافی گریٹ ون فرسٹ کلاس کے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں بابر اعظم او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے خلاف صرف 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
آؤٹ ہونے کے بعد پویلین واپس جاتے ہوئے مداحوں کی بڑی تعداد نے بابر اعظم کو گھیر لیا۔ فیلڈنگ کے دوران بھی شائقین سیلفی لینے کے لیے بار بار گراؤنڈ میں آتے رہے۔
ایک موقع پر مداحوں کے ہجوم سے بابر اعظم ناراض ہوگئے اور سیلفی لینے کے خواہش مند ایک مداح کا موبائل فون دور پھینک دیا۔
گراؤنڈ میں شائقین کو کنٹرول کرنے کے انتظامات مؤثر نہ ہونے کے باعث مداح بار بار بابر اعظم کے قریب پہنچتے رہے، جس کے بعد وہ ہجوم سے بچنے کے لیے ڈریسنگ روم کی جانب چلے گئے۔



