crimelatest newsWorld

سلیکون ویلی میں جنسی بدسلوکی کے الزامات، خواتین کا خفیہ ’وسپر نیٹ ورک‘ سامنے آگیا

سلیکون ویلی میں جنسی بدسلوکی کے الزامات، خواتین کا خفیہ ’وسپر نیٹ ورک‘ سامنے آیا ہے۔ سلیکون ویلی میں کام کرنے والی خواتین نے مبینہ طور پر ایک خفیہ دستاویز اور اسپریڈ شیٹ تیار کر رکھی ہے، جس میں 100 سے زائد بااثر سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور بڑی ٹیک کمپنیوں سے وابستہ افراد کے نام شامل ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق ’وسپر نیٹ ورک‘ نامی اس فہرست کا مقصد خواتین کو مبینہ جنسی ہراسانی، زیادتی اور دیگر خطرات سے خبردار کرنا ہے۔ فہرست میں خواب آور ادویات کے ذریعے بے ہوش کرنے سے لے کر جنسی ہراسانی اور زیادتی تک کے الزامات شامل ہیں۔

ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ایک 20 سالہ خاتون نے بتایا کہ فہرست میں کئی معروف سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے نام دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔ ان کے مطابق انہوں نے بھی اپنے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے کا ریکارڈ اس نیٹ ورک سے وابستہ خواتین سے رابطے کے بعد درج کرایا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ پولیس سے رابطہ کرنے سے خوفزدہ تھیں کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ انصاف نہ ملنے کی صورت میں بااثر سرمایہ کار ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متعدد مبینہ واقعات ’ہیکر ہاؤسز‘ میں پیش آئے، جہاں ٹیک ورکرز، ڈیولپرز اور سرمایہ کار رہائش اور نیٹ ورکنگ کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔

ایپلیکیشن ’زیٹ‘ کی بانی یہونگ ژو نے بھی اپنے ایک مبینہ تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بارہا انکار کیا، تاہم اس کے باوجود ان کے ساتھ زبردستی کی گئی۔ ان کے مطابق دسمبر 2021 میں پولیس سے رابطے کے بعد متعلقہ شخص فرار ہوگیا۔

دوسری جانب ’لانچ ہاؤس‘ سے وابستہ ایک خاتون نے بتایا کہ ان کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کرنے والے شخص کے خلاف انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ادارے سے نکال دیا۔ ادارے کے شریک بانی بریٹ گولڈسٹین نے بھی خواتین کے تحفظ اور شکایات پر فوری کارروائی کے لیے سخت قواعد مرتب کیے جانے کی تصدیق کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button