بھارتی گلوکار کے ساتھ ’چُو چُو‘ دوبارہ ریلیز کرنے کی پیشکش ٹھکرا دی: زین العابدین

کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستانی گلوکار و نغمہ نگار زین العابدین نے اپنے 2009 کے مشہور گانے ’چُو چُو‘ کا نیا ورژن ’چُو چُو 2.0‘ ریلیز کردیا۔
زین العابدین نے بتایا کہ تقریباً 15 روز قبل بھارت سے انہیں گانا خرید کر بھارتی گلوکار کے ساتھ دوبارہ ریلیز کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم انہوں نے خطیر رقم کی پیشکش کے باوجود اسے مسترد کردیا۔
گلوکار کے مطابق انہیں بتایا گیا تھا کہ بھارت میں پاکستانی گلوکار کے ساتھ یہ گانا ریلیز نہیں کیا جاسکتا، اس لیے اسے بھارتی گلوکار سے ریکارڈ کروایا جائے گا۔
زین العابدین نے کہا کہ ’چُو چُو‘ ان کی شناخت اور میوزیکل لیگیسی ہے، اس لیے وہ کسی دوسرے گلوکار کے نام سے اسے مارکیٹ ہوتے نہیں دیکھ سکتے تھے۔
2009 میں ریلیز ہونے والا ’چُو چُو‘ زین العابدین کے کیریئر کا بریک تھرو گانا تھا، جسے سونی میوزک انٹرٹینمنٹ کے تحت ریلیز کیا گیا اور اس پر انہیں 2010 کے لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین گلوکار کی کیٹیگری میں نامزدگی بھی ملی۔
گانے کی دھن 2024 میں اس وقت تنازع کا شکار ہوئی جب زین العابدین نے پاکستانی فنکاروں بیان، حسن رحیم اور روولی پر اپنے گانے ’چُو چُو‘ کی دھن ان کے گانے ’ماند‘ میں نقل کرنے کا الزام عائد کیا۔
زین العابدین کا کہنا ہے کہ اسی تنازع کے باعث انہوں نے ’چُو چُو 2.0‘ فوری طور پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ گانے کی شناخت اور اپنے ساتھ اس کی وابستگی برقرار رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے پیسہ اہم نہیں بلکہ گانا ان کی شناخت اور موسیقی کے سفر کا اہم حصہ ہے۔



