ٹرمپ نے وفاقی خدمات کے لیے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ’America.gov‘ پورٹل متعارف کرا دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی حکومت کی معلومات اور خدمات تک شہریوں کی رسائی آسان بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سے چلنے والا نیا پورٹل ’America.gov‘ متعارف کرا دیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق نئے پلیٹ فارم کا مقصد مختلف وفاقی اداروں کی معلومات اور سرکاری خدمات کو ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے، تاکہ شہریوں کو متعدد سرکاری ویب سائٹس، قواعد اور ہزاروں فارمز تلاش نہ کرنا پڑیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ جو لوگ Grok، Gemini یا ChatGPT استعمال کرچکے ہیں، وہ نئے اے آئی پلیٹ فارم کو آسانی سے سمجھ سکیں گے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ’سپر انٹیلی جنس‘ کو اے آئی کے حوالے سے ایک نئے تصور کے طور پر پیش کیا۔
امریکی صدر نے وفاقی حکومت کے پرانے نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو 21ویں صدی کے تقاضوں کے مطابق شہریوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے پورٹل کے حوالے سے صارفین کی رازداری کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ ذاتی معلومات محفوظ نہیں کی جائیں گی جبکہ ویب سائٹ چھوڑنے کے بعد صارف اور نظام کے درمیان گفتگو ختم ہوجائے گی۔
نئے پورٹل کا اجرا ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وفاقی حکومت میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وائٹ ہاؤس نے حالیہ عرصے میں سرکاری خدمات کو مزید مربوط بنانے کے لیے Login.gov کے ذریعے یونیورسل سائن اِن کی پالیسی بھی متعارف کرائی ہے۔



