تامل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کو مفت سونے کی انگوٹھیاں دینے کا آغاز

نئی دہلی: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے نومولود بچوں میں مفت سونے کی انگوٹھیاں تقسیم کرنے کا آغاز کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سے سیاست دان بننے والے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ سی جوزف وجے نے رواں سال جون میں ’تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس اسکیم کے تحت سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے نومولود بچوں کو ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی دی جائے گی۔
تامل ناڈو حکومت کے مطابق اسکیم کا مقصد سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی شرح بڑھانا اور عوام کا سرکاری طبی اداروں پر اعتماد مزید مضبوط کرنا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس اسکیم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی رہنما تمیلیسائی سوندار راجن نے کہا کہ نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھی دینا بظاہر خوش آئند اقدام ہوسکتا ہے، تاہم خاندانوں کو روزمرہ کی بنیادی غذائی ضروریات تک قابلِ اعتماد رسائی زیادہ ضروری ہے۔



