4 اکتوبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، شوکت یوسفزئی کا خط ڈسٹ بن میں پھینک دوں گا: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور شوکت یوسفزئی کا خط ملا تو اسے ڈسٹ بن میں پھینک دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں شوکت یوسفزئی کے خط کے بارے میں علم نہیں اور نہ ہی انہیں خط موصول ہوا ہے، تاہم اگر خط ملا تو وہ اسے ڈسٹ بن میں پھینک دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کارکن اسلام آباد نہتے آئیں گے، جبکہ کسی کے پاس نقصان پہنچانے والی چیز ہوئی تو اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
دوسری جانب شوکت یوسفزئی نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو خط لکھ کر لانگ مارچ منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں شوکت یوسفزئی نے خدشہ ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت بعض معاملات کو بنیاد بنا کر ایمرجنسی نافذ کرسکتی ہے، جبکہ افغانستان سے ممکنہ حملے کو بھی اس کا جواز بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگا کر پابندی عائد کرنے اور صوبائی حکومت ختم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
شوکت یوسفزئی نے بیرونی خطرات اور دہشت گردی میں اضافے کے پیش نظر احتجاج مؤخر کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بانی نے ماضی میں بھی کارکنوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے لانگ مارچ ختم کیا تھا۔



