latest newsWorld
صومالیہ میں قزاقوں سے آئل ٹینکر ’آنر 25‘ بازیاب، 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

صومالیہ کی میری ٹائم پولیس نے قزاقوں کے قبضے سے آئل ٹینکر ’آنر 25‘ کو بازیاب کرا لیا ہے، جبکہ واقعے میں 3 پاکستانی، ایک بھارتی اور میانمار کا ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
انصار برنی ٹرسٹ کے ڈائریکٹر کے مطابق قزاقوں کی فائرنگ سے 4 پاکستانی شہری زخمی بھی ہوئے۔ صومالی فورسز نے کارروائی کے دوران 9 قزاقوں کو گرفتار کرلیا۔
پاکستانی سول سوسائٹی کے رکن طالب رضا نے پاکستانی عملے کے ارکان کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صومالیہ میں پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں جلد از جلد ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے دیگر پاکستانی عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات پر زور دیا۔



