latest newsWorld

ہنگری کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم پیٹر میگیار سمیت 3 قانون سازوں کا استثنیٰ ختم کردیا

بداپیسٹ: ہنگری کی پارلیمنٹ نے وزیراعظم پیٹر میگیار سمیت تین قانون سازوں کا قانونی استثنیٰ ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم پیٹر میگیار کو مبینہ طور پر ایک شہری کا موبائل فون چھین کر دریائے ڈینیوب میں پھینکنے کے الزام میں چوری کے مقدمے کی تحقیقات کا سامنا ہے۔

یہ واقعہ جون 2024 میں بداپیسٹ کے ایک نائٹ کلب میں پیش آیا، جہاں ایک شخص میگیار کی ویڈیو بنا رہا تھا۔ میگیار نے اعتراض کرتے ہوئے اس کا فون چھین لیا۔ بعد ازاں تلخ کلامی کے بعد سکیورٹی گارڈز نے انہیں کلب سے باہر نکال دیا، جہاں استغاثہ کے مطابق انہوں نے ایک سیاہ چیز دریا میں پھینکی۔

تقریباً 250 یورو مالیت کا موبائل فون بعد میں دریا سے صحیح حالت میں برآمد کرکے شہری کو واپس کردیا گیا۔

ستمبر 2024 میں ہنگری کے چیف پراسیکیوٹر نے یورپی پارلیمنٹ سے پیٹر میگیار کا استثنیٰ ختم کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ یورپی پارلیمنٹ کا مینڈیٹ ختم ہونے کے بعد مئی میں میگیار ہنگری کی پارلیمنٹ کے رکن بنے، جس کے باعث انہیں مقامی سطح پر قانونی استثنیٰ حاصل ہوگیا تھا۔

استغاثہ نے بعد ازاں تحقیقات دوبارہ شروع کرتے ہوئے پارلیمنٹ سے ان کا استثنیٰ ختم کرنے کی درخواست کی، جسے منظور کرلیا گیا۔

پارلیمنٹ نے دو سابق وزرا کا استثنیٰ بھی ختم کیا۔ سابق وزیر ثقافت بالاز ہانکو پر 4.7 کروڑ یورو کے ثقافتی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال، جبکہ سابق وزیر ترقی میکلوس سیزٹاک پر 3.2 کروڑ یورو سے زائد رشوت لینے کا شبہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button