امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی(ہم شہری) امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں افغانستان میں امریکی جنگ کے دوران پاکستان کی معاونت اور اس دوران درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تنازع کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والی سکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش مشکلات اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے علاقائی تناظر اور افغانستان سے متعلق پاکستان کے تجربات کو مدنظر رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔



