وزیراعظم شہباز کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات، معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات میں پاکستان کی معیشت مستحکم بنانے اور پائیدار و جامع اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر نجکاری محمد علی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے میں کرسٹالینا جارجیوا کے کردار کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں کے باعث پاکستان معاشی استحکام اور بحالی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط، زرمبادلہ کے ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کا بھی ذکر کیا۔
وزیراعظم نے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کے ساتھ کمزور طبقات کے تحفظ کے حکومتی عزم پر بھی زور دیا۔
کرسٹالینا جارجیوا نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ٹھوس نتائج سامنے آرہے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام جائزے اور اصلاحات کو مزید آگے بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



