یونین کونسل 15 میں بلدیاتی الیکشن کی سرگرمیاں تیز، ملک محمد ارشد کی کارنر میٹنگز شروع

لاہور (شیخ طاہر علی) یونین کونسل 15 سے چیئرمین کے امیدوار ملک محمد ارشد نے اپنے حلقے کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جبکہ علاقہ مکینوں کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

ملک محمد ارشد علاقے کی معروف سماجی شخصیت ہیں اور یونین کونسل 15 کی گلیوں اور محلوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی اور نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سمیت بنیادی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ سوئی گیس کے تعاون سے گیس پریشر بہتر بنانے، پرانی گیس لائنوں کی مرمت اور سردیوں میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے، جبکہ بسطامی روڈ اور مسلم کالونی میں بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ملک محمد ارشد کے مطابق صاف پانی کی فراہمی کے لیے خراب فلٹریشن پلانٹس بحال کیے جائیں گے اور یونین کونسل میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس بھی نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی میں تبدیل کرنے، گلیوں اور محلوں میں صفائی کے بہتر انتظامات اور ہر گھر کے باہر کچرے کی باسکٹ لگانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل سے متعلق برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور نکاح رجسٹریشن سمیت دیگر امور بغیر سفارش کے ممکن بنائے جائیں گے۔ گلیوں کی ترجیحی بنیادوں پر پختگی، سیوریج کی صفائی اور پارکس کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
ملک محمد ارشد نے کہا کہ یونین کونسل 15 کے عوام کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔



