اعتدالِ خریفی کا آغاز، شمالی نصف کرے میں خزاں کا موسم شروع

اگرچہ ابھی درختوں کے پتوں کی رنگت تبدیل نہیں ہوئی اور خنکی بھی نمایاں محسوس نہیں ہو رہی، تاہم شمالی نصف کرے میں خزاں کا موسم شروع ہوچکا ہے۔
ہر سال 21 سے 24 ستمبر کے درمیان اعتدالِ خریفی (September Equinox) کا آغاز ہوتا ہے، جس کے ساتھ شمالی نصف کرے میں خزاں جبکہ جنوبی نصف کرے میں بہار شروع ہوتی ہے۔
اعتدالِ خریفی کے موقع پر سورج خطِ استوا کے اوپر سے گزرتا ہے اور دن و رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہوجاتا ہے۔ اس موقع پر سورج تقریباً عین مشرق سے طلوع اور مغرب میں غروب ہوتا ہے۔
زمین اپنے محور پر تقریباً 23.5 ڈگری جھکی ہوئی ہے اور یہی جھکاؤ موسموں کی تبدیلی کی بنیادی وجہ ہے۔ سال میں دو مرتبہ، مارچ اور ستمبر میں، اعتدال کے مواقع آتے ہیں جب زمین کے دونوں نصف کروں کو تقریباً برابر روشنی ملتی ہے۔
رواں سال شمالی نصف کرے میں اعتدالِ خریفی 23 ستمبر کو شروع ہوا، جبکہ سال کا سب سے چھوٹا دن یعنی اعتدالِ شتوی 21 دسمبر کو ہوگا۔



