پنجاب میں صفائی فیس کی وصولی کا نیا میکنزم متعارف

لاہور(عمران اسلم) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے نیا میکنزم متعارف کرا دیا گیا۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط کر دیے گئے۔
معاہدے کے تحت مالی سال 2026-27 کے دوران ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کرے گا۔ گھر گھر سروے، صفائی بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق شکایات و درستگی کی ذمہ داری بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ہوگی۔
پنجاب کے شہری علاقوں میں یکساں صفائی فیس نافذ کی جائے گی۔ رہائشی علاقوں میں 5 مرلہ تک گھروں سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک 1000 روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2000 روپے جبکہ 40 مرلہ سے بڑے گھروں سے 5000 روپے ماہانہ صفائی فیس وصول کی جائے گی۔
کمرشل یونٹس کے لیے ماہانہ صفائی فیس 500 سے 3000 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے یونٹس سے 1000 روپے اور بڑے یونٹس سے 3000 روپے وصول کیے جائیں گے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ صفائی فیس کی وصولی کے عوض ایک فیصد سروس چارج وصول کرے گا۔ یہ نظام پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کو یکساں بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔



