پرینیتی چوپڑا نے کترینہ کیف کی جسمانی تبدیلی پر ٹرولنگ کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنا دیا

معروف بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے کترینہ کیف کے بچے کی پیدائش کے بعد ان کے جسمانی وزن میں اضافے پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرینیتی نے کہا کہ زچگی کے بعد خواتین کے جسم میں آنے والی تبدیلیوں پر تبصرہ کرنا ناقابلِ فہم ہے۔ ان کے مطابق ماں بننے کے جسمانی اثرات کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے سراہا جانا چاہیے۔
پرینیتی نے کہا کہ انسان جو کچھ بھی کرتا ہے، اس کا اثر جسم پر نظر آتا ہے، لیکن بچے کو جنم دینا ایک غیر معمولی انسانی تجربہ ہے اور اس کے نتیجے میں جسم میں آنے والی تبدیلی پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔
واضح رہے کہ کترینہ کیف کو حال ہی میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ امبانی خاندان کی تقریبات میں شرکت کے دوران جسمانی وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے قبل سلمان خان اور علی ظفر بھی کترینہ کی حمایت میں آواز اٹھا چکے ہیں۔



