ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے تھائی لینڈ کو 0-9 سے شکست دے دی، احمد ندیم کی ہیٹ ٹرک

ایشین گیمز 2026 کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 0-9 سے شکست دے دی۔ احمد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔
جاپان کے گِفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پول بی کے میچ میں پاکستان نے آغاز ہی سے تھائی لینڈ پر دباؤ برقرار رکھا۔
پاکستان کی جانب سے معین شکیل نے آٹھویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ عماد بٹ نے 12ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔
احمد ندیم نے 20ویں، 37ویں اور 43ویں منٹ میں تین فیلڈ گول اسکور کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ سفیان خان نے 22ویں اور 23ویں منٹ میں پینلٹی کارنرز پر دو گول کیے۔
رانا وحید اشرف نے 31ویں جبکہ حنان شاہد نے 34ویں منٹ میں ایک، ایک گول اسکور کیا۔
پاکستان نے پورے میچ میں اپنی برتری برقرار رکھی جبکہ تھائی لینڈ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی اور میچ پاکستان کی 0-9 سے کامیابی پر ختم ہوا۔



