ایران سے متعلق فیصلہ کن مرحلے میں ہیں، بڑے فیصلے کا وقت آگیا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے معاملے پر فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکے ہیں اور آنے والے دنوں میں خطے میں بڑی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔
امریکی ٹی وی فاکس نیوز سے گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے تین ممکنہ راستوں کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائی، مزید معاشی دباؤ یا معاہدہ کرنے کے آپشنز موجود ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا، بصورت دیگر اسے شدید معاشی نقصان یا فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر فیصلہ سازی کے مرحلے میں ہیں اور مستقبل قریب میں ’’بہت بڑی چیزیں‘‘ ہونے والی ہیں۔
امریکی صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر نیویارک میں ایرانی صدر سے ملاقات کے لیے تیار ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکا نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت ایرانی وفد کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے جاری کیے ہیں۔ پزشکیان رواں ہفتے نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔



