سعودی عرب کی چین کی قیادت میں قائم ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم ’ایم برج‘ سے علیحدگی

سعودی عرب نے چین کی قیادت میں قائم ڈیجیٹل کرنسی پلیٹ فارم ’ایم برج‘ (mBridge) سے علیحدگی اختیار کرلی۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ایم برج پلیٹ فارم نے امریکا میں تشویش پیدا کی تھی، کیونکہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ممالک اسے سوئفٹ (SWIFT) جیسے ڈالر کے زیرِ اثر ادائیگیوں کے نظام کو بائی پاس کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
ایم برج بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے مرکزی بینکوں کو اپنی ڈیجیٹل کرنسیوں میں براہِ راست لین دین کی سہولت فراہم کرتا ہے، جس سے سرحد پار مالی لین دین کے وقت اور لاگت میں کمی ہوسکتی ہے اور ڈالر کا کردار محدود ہوسکتا ہے۔
سعودی عرب 2024 میں اس پلیٹ فارم کا فعال رکن بنا تھا۔ ایم برج میں چین، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس شامل ہیں۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق سعودی عرب نے گزشتہ سال ہی ایم برج سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔



