علی امین گنڈاپور کو پنجاب پولیس حراست میں بجلی کے جھٹکے دیے گئے، فیصل امین کا دعویٰ

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین کو پنجاب پولیس کی حراست کے دوران بجلی کے جھٹکے دیے گئے تھے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فیصل امین نے علی امین گنڈاپور کی تصاویر بھی شیئر کیں اور کہا کہ وہ پہلے یہ تصاویر شیئر نہیں کرنا چاہتے تھے، تاہم بعض افراد کے مبینہ پروپیگنڈے کے باعث انہیں ایسا کرنا پڑا۔
فیصل امین کے مطابق علی امین کی گردن کے پچھلے حصے پر حراست کے دوران بجلی کے جھٹکے دیے گئے، جس کے باعث انہیں طویل عرصے تک تکلیف کا سامنا رہا۔
انہوں نے کہا کہ بالآخر تکلیف دور کرنے کے لیے علی امین کی گردن کی سرجری کی گئی، جس کے بعد گردن کے پچھلے حصے پر 9 ٹانکے آئے۔
فیصل امین نے اپنے بیان میں پروپیگنڈا کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پیاروں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو تو انہیں اس تکلیف کا اندازہ ہوگا۔



