27 ستمبر کا لانگ مارچ بانی پی ٹی آئی ہی ملتوی کرسکتے ہیں: ناصر عباس

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ بانی پی ٹی آئی کے سوا کوئی ملتوی نہیں کرسکتا۔
علامہ راجہ ناصر عباس کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات ان کی درخواست پر ہوئی، جس میں انہیں واضح کیا گیا کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل پر بات چیت اور ان کے حل کے لیے وہ ہر وقت دستیاب ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔
محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں 27 ستمبر کے احتجاج کی کال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
اپوزیشن اتحاد کے ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق ملاقات میں جمہوری جدوجہد کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔



