امریکی ناکہ بندی کے باوجود ایرانی تیل کی فروخت میں اضافے کا دعویٰ

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باوجود ایرانی تیل کی فروخت دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
تہران سے جاری ایرانی محکمہ منصوبہ بندی و بجٹ کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں ایرانی تیل کی فروخت 3 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ تاہم رپورٹ میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ امریکی ناکہ بندی کے باوجود ایران کس طریقے سے تیل کی برآمدات جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے ہونے والی تجارت کا حجم گزشتہ 6 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے خام تیل، کارگو اور مائع قدرتی گیس کے حجم میں اضافہ ہوا ہے۔
سینٹکام کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے گزشتہ دو ماہ کے دوران آبنائے ہرمز سے ایک ارب بیرل سے زائد تیل کی نقل و حمل میں معاونت فراہم کی ہے۔



