latest newsSports

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026، پاکستان کے گروپ میچز کا شیڈول جاری

اسلام آباد: فیفا نے آذربائیجان میں ہونے والے انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کے میچز کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق پاکستان انڈر 15 ٹیم ابتدائی مرحلے میں پانچ میچز کھیلے گی۔

پاکستان کو گروپ ڈی میں قبرص، گیمبیا، اردن، نائجیریا اور جنوبی سوڈان کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو گیمبیا کے خلاف کھیلے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ قومی ٹیم 25 اکتوبر کو جنوبی سوڈان اور قبرص کے خلاف دو میچز کھیلے گی۔

پاکستان 26 اکتوبر کو بھی دو میچز کھیلے گا، پہلے اردن اور پھر نائجیریا کے خلاف میدان میں اترے گا۔ یوں پاکستان ٹیم تین روز کے دوران ابتدائی مرحلے میں مجموعی طور پر پانچ گروپ میچز کھیلے گی۔

ایونٹ کے ابتدائی گروپ مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر ٹیموں کو دوسرے مرحلے میں مختلف ٹائرز میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں کارکردگی کے اعتبار سے ٹیمیں 6 ٹائرز میں شامل ہوں گی۔

ہر ٹیم دوسرے مرحلے میں مزید 4 سے 5 میچز کھیلے گی اور تمام ٹیمیں ایونٹ کے آخری میچ ڈے تک مقابلوں میں شریک رہیں گی۔ ہر ٹائر کی فاتح ٹیم کو اس ٹائر کا چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

ٹائر اے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 کی چیمپئن بنے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button