latest newsPakistan

تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے سیاسی و معاشی بحران کے خاتمے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی کی زیرِ صدارت اجلاس میں 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ احتجاج پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرول کی قیمتیں اور امن و امان 27 ستمبر کے احتجاج کے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام جمہوری سیاسی قوتیں ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں، جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اجلاس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی امن و امان کی صورتحال، مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کے قیام سمیت مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر نمائندہ حکومت کو صوبوں کو توڑنے یا محض انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کا اختیار نہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایسی تجاویز وفاق، قومی وحدتوں اور وفاقی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ہیں، جبکہ صوبوں کو ان کے آئینی حق سے ریفرنڈم یا کسی اور طریقے سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس میں خصوصاً سندھ کی موجودہ جغرافیائی و انتظامی حیثیت برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے براہِ راست ملاقات اور ان کی صحت سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں، گرفتاریوں اور چادر و چار دیواری کے تقدس کی مبینہ پامالی کی مذمت کی گئی، جبکہ سہیل آفریدی کے دورہ پنجاب کے دوران روا رکھے گئے رویے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اپوزیشن اتحاد نے بارڈر تجارت فوری بحال کرنے اور مائنز اینڈ منرل ایکٹ مسترد کرنے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے میں قدرتی وسائل سے متعلق فیصلوں میں متعلقہ صوبوں اور مقامی آبادی کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں ملکی سیاست، مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران اور اس کے پاکستان پر اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے مؤثر سفارتی اور ثالثی کردار کی حمایت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button