پاکستان آرٹ کرونیکلز: فن کی تاریخ محفوظ کرنے کی ایک نئی کاوش

پاکستان میں فنونِ لطیفہ کی تاریخ کو محفوظ، منظم اور عام رسائی کے قابل بنانے کے لیے پاکستان آرٹ کرونیکلز کا اجرا کردیا گیا، جسے ملک کے فنکاروں، محققین اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل علمی وسیلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر مسرت حسن کے نام اپنے پیغام میں بانو نے پاکستان آرٹ کرونیکلز کے اجرا کو پاکستان کے فن کی دستاویز بندی اور تفہیم کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ ڈاکٹر مسرت حسن کے دیرینہ خواب کی تکمیل ہے، جسے نیشنل آرٹسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان اور رضاکاروں کی ٹیم کی مشترکہ کاوشوں سے عملی شکل دی گئی۔
پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان کا پہلا اور سب سے بڑا فنکاروں کا ڈیٹا بیس محض ایک تکنیکی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستانی فن کی تاریخ کو محفوظ کرنے اور اس پر مستقبل میں تحقیق کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے۔ پلیٹ فارم پر فنکاروں، فن پاروں، مطبوعات اور آرکائیوز کو ڈیجیٹل شکل میں یکجا کیا گیا ہے۔
بانو نے کہا کہ پاکستانی فن کی تاریخ طویل عرصے تک نجی مجموعوں، اسٹوڈیوز، آرکائیوز اور مطبوعات میں بکھری رہی، جس کے باعث اس کا بڑا حصہ عام رسائی سے دور اور ضائع ہونے کے خطرے سے دوچار تھا۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم ان وسائل کو ایک جگہ لاکر فنکاروں، محققین، طلبہ اور مستقبل کی نسلوں کے لیے قابلِ رسائی بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف خطوں اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کا منظم ریکارڈ نئی تحقیق کے دروازے کھول سکتا ہے اور ایسے فنکاروں، فنّی رجحانات اور باہمی روابط کو سامنے لاسکتا ہے جو مرکزی فنّی مراکز کی تاریخ میں نظرانداز ہوگئے۔
پیغام کے مطابق کسی فنکار کے کام کی دستاویز موجود نہ ہونا اس کی فنّی خدمات کی عدم موجودگی کا ثبوت نہیں۔ آرکائیوز نظرانداز اور کم نمائندگی پانے والی فنّی تاریخوں کو محفوظ کرنے اور مستقبل کے محققین کو ان پر دوبارہ غور کرنے کے لیے ضروری شواہد فراہم کرسکتے ہیں۔
بانو نے پاکستان آرٹ کرونیکلز کو محض ڈیٹا بیس کے بجائے علمی تحقیق کے لیے بنیادی ڈھانچہ، اجتماعی یادداشت کا ذخیرہ اور پاکستانی فن کی تاریخ کے مستقبل کے لیے اہم وسیلہ قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ گلوبل ساؤتھ میں فنّی تاریخ کو محفوظ اور عام رسائی کے قابل بنانے والی مزید کوششوں کے لیے مثال بنے گا۔ ان کے مطابق پاکستان آرٹ کرونیکلز فنکاروں، ڈیزائنرز اور محققین، بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانی فنّی برادری، کے لیے بھی کھلی دعوت ہے کہ وہ اس ڈیٹا بیس میں اپنا اندراج کرائیں اور اسے مزید جامع اور نمائندہ بنانے میں کردار ادا کریں۔



