امریکا پر انحصار کم کرنے کی کوشش، کینیڈا کی جے ای ایف میں شمولیت کی درخواست

کینیڈا نے امریکا پر دفاعی انحصار کم کرنے اور یورپی ممالک کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کے لیے برطانیہ کی زیرقیادت جوائنٹ ایکسپیڈیشنری فورس (جے ای ایف) میں شمولیت کے لیے باضابطہ درخواست دے دی۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے دفتر کے مطابق وزیراعظم نے جے ای ایف میں شمولیت کی درخواست کا اعلان کیا اور کینیڈا کی شرکت کے لیے برطانیہ کی حمایت کا خیرمقدم کیا۔
جے ای ایف 10 یورپی نیٹو رکن ممالک پر مشتمل تیز رفتار عسکری ردعمل کی شراکت داری ہے، جس میں برطانیہ، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، آئس لینڈ، لٹویا، لیتھوانیا، نیدرلینڈز، ناروے اور سویڈن شامل ہیں۔
کینیڈا پہلے ہی نیٹو کا رکن ہے اور حالیہ عرصے میں امریکا پر انحصار کم کرنے کے لیے یورپی ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
مارک کارنی نے برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم سے شمالی انگلینڈ میں ملاقات بھی کی، جس میں دفاعی صنعت میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے گلوبل کومبیٹ ایئر پروگرام کے تحت جدید لڑاکا طیاروں کے منصوبے پر بھی بات کی، جس میں کینیڈا نے جولائی 2026 میں مبصر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی تھی۔



