Businesslatest newsWorld

پاکستان، چین کا بارڈر جوائنٹ کمیشن کے تحت آئندہ تعاون کے فریم ورک پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور چین نے بارڈر جوائنٹ کمیشن (BJC) کے تحت باہمی اتفاقِ رائے کی توثیق کرتے ہوئے مستقبل میں تعاون کے فریم ورک پر اتفاق کرلیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق کمیشن کا پہلا اجلاس 16 اور 17 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوا، جس کے ساتھ 2013 کے پاک چین سرحدی انتظام سے متعلق معاہدے کے تحت قائم کیے گئے اس میکنزم کو باضابطہ طور پر فعال کردیا گیا۔

اجلاس میں سرحدی انتظام اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا، جن میں سرحد پار رابطہ کاری، اشیا اور افراد کی آمدورفت، مشترکہ سرحدی سروے اور عوامی روابط شامل تھے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس کے اختتام پر باہمی اتفاقِ رائے کی توثیق اور کمیشن کے تحت مستقبل کے تعاون کا فریم ورک طے کرنے کے لیے منٹس پر دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے کمیشن کا اگلا اجلاس باہمی مشاورت سے چین میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (چائنا) بلال محمود چوہدری جبکہ چینی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے محکمہ بارڈر اینڈ اوشن افیئرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی یا نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کی وزارت خارجہ، دفاع، داخلہ، تجارت و مواصلات سمیت کسٹمز، سروے اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

دوسری جانب بھارت نے پاک چین بارڈر جوائنٹ کمیشن پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کمیشن کی کوئی قانونی بنیاد نہیں اور پاکستان اور چین کے درمیان کوئی سرحد موجود نہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 1963 کے پاک چین سرحدی معاہدے اور بارڈر جوائنٹ کمیشن سے متعلق بھارت کے مؤقف کو بے بنیاد اور قانونی طور پر ناقابلِ جواز قرار دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1963 کا معاہدہ پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والا ایک مؤثر انتظام ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کی آزمائش پر پورے اترے ہیں۔

سجاد حیدر خان نے مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارتی مؤقف کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جس کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button