latest newsWorld

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج دو سال بعد سوشل میڈیا پر واپس آگئے

سڈنی: دنیا بھر کی حکومتوں اور اداروں کی خفیہ دستاویزات افشا کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج دو سال سے زائد عرصے بعد سوشل میڈیا پر واپس آگئے۔

جولین اسانج نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مختصر پیغام میں لکھا، ’’میں واپس آ گیا ہوں۔‘‘ ان کے اکاؤنٹ سے آخری پوسٹ 28 جون 2024 کو کی گئی تھی۔

ان کی پوسٹ سے چند منٹ قبل وکی لیکس کے اکاؤنٹ سے بھی ان کی سوشل میڈیا پر واپسی سے متعلق پیغام جاری کیا گیا، جس میں جولین اسانج کی سڈنی میں معروف 630 جارج اسٹریٹ پر اپنے پوسٹر کے نیچے کھڑے ہونے کی تصویر بھی شامل تھی۔

جولین اسانج جون 2024 میں امریکی حکومت کے ساتھ پلی بارگین معاہدے کے بعد جیل سے رہا ہوئے تھے۔ معاہدے کے تحت انہوں نے قومی دفاع سے متعلق خفیہ دستاویزات حاصل کرنے اور انہیں افشا کرنے کی سازش کے ایک الزام میں جرم قبول کیا تھا۔ انہیں 62 ماہ قید کی سزا سنائی گئی، تاہم یہ مدت وہ پہلے ہی جیل میں گزار چکے تھے، جس کے بعد 24 جون 2024 کو انہیں رہا کردیا گیا۔

اس سے قبل جولین اسانج کو 11 اپریل 2019 کو لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے جون 2012 میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں سیاسی پناہ لی تھی اور تقریباً 7 سال وہیں مقیم رہے۔ گرفتاری کے بعد انہیں لندن کی بیلمارش جیل منتقل کیا گیا، جہاں انہوں نے امریکا حوالگی کے خلاف قانونی جنگ لڑی۔

امریکی حکومت نے جولین اسانج پر جاسوسی اور کمپیوٹر ہیکنگ قوانین کے تحت 18 الزامات عائد کیے تھے۔ یہ الزامات 2010 میں وکی لیکس کی جانب سے عراق اور افغانستان جنگوں سے متعلق لاکھوں خفیہ دستاویزات اور امریکی سفارتی مراسلے افشا کیے جانے سے متعلق تھے۔

امریکی حکام نے ان پر سابق امریکی انٹیلی جنس تجزیہ کار چیلسیا میننگ کو امریکی محکمہ دفاع کے کمپیوٹر نیٹ ورک کا پاس ورڈ کریک کرنے میں مدد دینے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

رہائی کے بعد جولین اسانج آسٹریلیا میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں اور اب دو سال سے زائد عرصے بعد انہوں نے ایکس پر دوبارہ اپنی موجودگی کا اعلان کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button