Businesslatest news

فیول ریلیف پیکج پر حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے مذاکرات کامیاب، ڈیڈلاک ختم

اسلام آباد: فیول ریلیف پیکج پر حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ادائیگی کے طریقہ کار پر اتفاق سے ڈیڈلاک ختم ہوگیا اور ڈیلرز نے ریلیف پیکج پر عمل درآمد شروع کردیا۔

مذاکرات میں حکومت نے ریلیف پیکج کی رقم اسٹیٹ بینک کے ذریعے ڈیلرز کے اکاؤنٹس میں 48 گھنٹوں کے اندر منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ادائیگی کے لیے پورٹل بھی قائم کردیا گیا ہے۔ ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیا جائے گا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب رہے۔ پی پی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات عزیز خان نے بتایا کہ حکومت نے پہلے سے طے شدہ فارمولے کے تحت رقم 48 گھنٹوں میں منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے آئندہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے بھی مذاکرات کامیاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سبسڈی کی رقم 24 گھنٹوں میں واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق سبسڈی کی ادائیگی اسٹیٹ بینک کے ذریعے ہوگی۔

نعمان علی بٹ نے کہا کہ ڈیلرز کو فیول سبسڈی اسکیم پر اعتراض نہیں تھا بلکہ رقم کی واپسی کے طریقہ کار پر تحفظات تھے، جو حکومت نے دور کردیئے ہیں۔

یاد رہے کہ 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ ڈیلرز نے سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ کار پر تحفظات کے باعث مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button