سپریم کورٹ سے ضمانت کے بعد ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ دوبارہ گرفتار، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو اڈیالہ جیل سے تحویل میں لیا اور انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے استدعا مسترد کردی اور دونوں کو دوبارہ اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آج ہی ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کیا تھا۔ عدالت نے دونوں کی 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے تھے کہ ضمانت اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت کیس کے حتمی فیصلے تک دی جا رہی ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ دونوں وکیل ہیں، ان کی عزت کا خیال رکھا جارہا ہے اور انہیں بھی عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھنا چاہیے۔



