غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کی تعداد میں 64 فیصد کمی ہوئی: محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کی تعداد میں 64 فیصد ریکارڈ کمی ہوئی ہے، تاہم محدود دستیاب وسائل کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کرنا ایک چیلنجنگ ٹاسک تھا۔
محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈیولپمنٹ (ICMPD) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے اور بارڈر مینجمنٹ و سدباب کے لیے مشترکہ اقدامات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کا 100 فیصد خاتمہ ہدف ہے، جسے ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مائیگریشن میں کمی کے لیے قانونی مائیگریشن کی نئی راہیں کھولنا ضروری ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی سی ایم پی ڈی نے پاکستان کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔



