latest newsWorld

امریکا نے سعودی عرب کو 48 ایف-35 طیاروں کی 24.3 ارب ڈالر کی ممکنہ فروخت منظور کرلی

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو 48 جدید ایف-35 لائٹننگ ٹو اسٹیلتھ جنگی طیاروں اور متعلقہ سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی۔ رائٹرز کے مطابق مجوزہ معاہدے کی مالیت 24.3 ارب ڈالر ہے۔

مجوزہ پیکیج میں 48 ایف-35 طیاروں کے علاوہ 49 پراٹ اینڈ وٹنی انجن، مواصلاتی آلات، اسپیئر پارٹس اور دیگر معاون سامان شامل ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس فروخت سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی دفاعی صلاحیت بہتر ہوگی اور امریکی افواج کے ساتھ باہمی تعاون اور ہم آہنگی میں بھی اضافہ ہوگا۔

سعودی عرب نے 2025 کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایف-35 طیارے فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ نومبر 2025 میں امریکا کی جانب سے سعودی عرب کو 48 ایف-35 طیاروں کی فروخت پر غور کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد اسی ماہ صدر ٹرمپ نے اس فروخت پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

اسرائیل کی جانب سے سعودی عرب کو ایف-35 طیاروں کی ممکنہ فروخت پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، کیونکہ اسرائیلی حکام کو خدشہ ہے کہ اس سے خطے میں اسرائیل کی فوجی برتری متاثر ہوسکتی ہے۔

ایف-35 طیارے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن تیار کرتی ہے۔ یہ طیارہ اسٹیلتھ ٹیکنالوجی، جدید سینسرز اور ہائی اسپیڈ کمپیوٹنگ سمیت مختلف جدید نظاموں سے لیس ہے، جو اسے دشمن کے اہداف کا دور سے سراغ لگانے اور ریڈار پر کم نمایاں رہنے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button