سی سی ڈی کینٹ لاہور کا مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، 3 فرار

لاہور(ابوغازی) سی سی ڈی کینٹ کا مبینہ پولیس مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ تین اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق پانچ مسلح ڈاکوؤں نے دورانِ ڈکیتی ایک شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، جس کے بعد ڈاکو ہربنس پورہ کے علاقے میں موجود تھے۔ اطلاع ملنے پر سی سی ڈی کینٹ ٹیم نے پانچ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس پر دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے جبکہ تین ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولیوں کے میگزین برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کردی ہیں جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔



