امریکی حکام اور یمن کے حوثی نمائندوں کے درمیان مسقط میں خفیہ ملاقات کا انکشاف

امریکی حکام اور یمن کے حوثی نمائندوں کے درمیان مسقط میں خفیہ ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ملاقات سے باخبر پانچ ذرائع نے بتایا کہ امریکی حکام اور حوثی نمائندوں کے درمیان گزشتہ اتوار کو مسقط میں امریکی سفارتخانے میں ملاقات ہوئی، جس کے انعقاد میں عمانی حکومت نے معاونت کی۔
ذرائع کے مطابق حوثی نمائندوں نے امریکی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا امریکی بحری جہازوں پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ امریکا کے ساتھ 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی پر قائم ہیں۔
ایک یمنی ذریعے کے مطابق حوثیوں نے اسرائیلی بحری اور تجارتی جہازوں پر بھی حملے نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی، تاہم سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق حوثی وفد میں مسقط میں مقیم سینئر رہنما محمد عبدالسلام اور عبدالملک العجیری شامل تھے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ملاقات کی تصدیق نہیں کی، جبکہ عمانی سفارتخانے اور حوثی عہدیدار محمد عبدالسلام نے تبصرے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔



