900 ارب ڈالرز کے مالک ایلون مسک نے ٹریلر میں رہائش اختیار کرلی

دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ممفس میں ایک ٹریلر کو عارضی رہائش بنا لیا ہے۔
ایلون مسک کے مطابق وہ ممفس میں اپنی کمپنی ایکس اے آئی کے زیرِ تعمیر ڈیٹا سینٹر کی نگرانی کے لیے موجود ہیں اور اس دوران ایک ائیر اسٹریم ٹریلر میں قیام کر رہے ہیں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ وہ اس وقت ممفس میں اپنے اسی ٹریلر سے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سفر کرنے کے بجائے نئے سرورز کے فرش پر سونا زیادہ پسند کریں گے۔
ایلون مسک کا سادہ طرزِ رہائش اختیار کرنا نیا نہیں۔ وہ اس سے قبل بھی اپنے دفاتر میں سونے کو ترجیح دے چکے ہیں۔ 2022 میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد وہ کئی ماہ تک کمپنی کے سان فرانسسکو ہیڈکوارٹر میں مقیم رہے۔
اس سے قبل وہ ٹیکساس کے علاقے بوکا چیکا میں اسپیس ایکس کے مرکز اسٹار بیس کے قریب ایک چھوٹے گھر میں بھی رہائش پذیر رہے۔ 2020 میں ایلون مسک نے بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے تمام مکانات فروخت کر دیے ہیں، جن میں کیلیفورنیا کے سات گھر بھی شامل تھے۔



